پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں ڈرون حملوں سے متعلق بھارتی بیان مسترد کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ڈرون حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کا بھارتی بیان مسترد کرتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ کا ڈرون حملے میں ملوث ہونے کا بیان غیرذمہ دارانہ اور من گھڑت ہے۔
دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ بغیر کسی ثبوت کے بھارتی سرکار نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر الزام تراشی کی۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ یہ بھارتی حکومت اور بھارتی میڈیا کی پاکستان مخالف پروپیگنڈہ مہم کی ایک اور مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سرکار کا یہ وتیرہ ہے کہ وہ اندرونی معاملات میں پاکستان پر الزام تراشی کے ذریعہ توجہ ہٹائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے الزام لگاتا ہے۔
دفترخارجہ کے مطابق حالیہ الزامات ثابت کرتے ہیں کہ بھارت کسی فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے پاکستان کو بدنام کر سکتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارت میں سیاسی ناکامی چھپانے اور انتخابات جیتنے کے لیے ہمیشہ پاکستان کارڈ استعمال کیا گیا۔
انھوں نے خبردار کیا کہ بھارت پاکستان مخالف جھوٹے پروپیگنڈہ سے باز رہے۔