سکھر (بیورورپورٹ ) خورشید شاہ کو پونے دو سال اسپتال میں زیر رکھنے پر عدالت عالیہ نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ جسٹس عمر سیال نے این آئی سی وی ڈی کے ڈاکٹر سے پوچھا کہ بتائیں کون سا مریض ہے جس کا علاج دو سال میں مکمل نہیں ہوتا کیا آپ ہماری آنکھوں میں دھول جھونک کر آپ ہمیں بے وقوف سمجھ رہے ہیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے محکمہ داخلہ نے بغیر کسی وجہ کے این آئی سی وی ڈی اسپتال کو سب جیل قرار دیا ہے؟آئندہ سماعت پر متعلقہ حکام اطمینان بخش جواب پیش کریں اگر آئندہ سماعت پر مطمئن نہیں کیا گیا تو حکام کو ان پرسن عدالت میں بلایا جائیگا، وزیر اعلیٰ سندھ ، این آئی سی وی ڈی کے انچارج، ڈی جی نیب کو بلا سکتے ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ سکھر کے ڈبل بینچ نے سماعت کی ، عدالت نے نیب این آئی سی وی ڈی اور سندھ حکومت کی رپورٹ کو مسترد کر دیا۔