اسلام آباد (صباح نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کیلئے سیاسی مہلت ختم ہوگئی، اب عوام ان کا احتساب کریں گے، عمران خان لیکچر نہ دیں یہ بتائیں تین سال میں انہوں نے کیا کیا، قوم کو بیوقوف بنانے کی کوشش ناکام ہوگی ، ملک میں بے تحاشہ مایوسی ہے، سرکاری ملازمین خودکشیاں کر رہے ہیں، اسد قیصر پارلیمانی تاریخ کے سب سے کمزورترین اسپیکر ہیں ،اپوزیشن اراکین کو ان کے حق سے محروم کر رہے ہیں ۔ بدھ کو یہاں اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سارے کا سارا بجٹ سیشن شروع سے آخر تک عوام کی توہین تھا۔ حکومت کے کردار اور اسپیکر کے طرز عمل کی وجہ سے جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ اراکین کو ان کے حق سے محروم کیا گیا اور ہم اپنا ووٹ درج نہیں کر سکے۔عمران خان اور انکے وزرااس بجٹ کی تعریف میں زمین و آسمان کے قلابے ملا رہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ حکومت جو بھی اقدامات کر رہی ہے اس سے امیروں کو فائدہ ہو رہا ہے غریبوں کو نہیں۔ ملک میں بے تحاشہ مایوسی ہے اور اسمبلی کے ملازمین خودکشیاں کر رہے ہیں۔ یہ بجٹ بھی امیر لوگوں کیلئے این آر او ہے۔ جس میں امیر کیلئے ریلیف اور غریب عوام کیلئے مشکلات ہی مشکلات ہیں۔ عوام کو ریاست اور جمہوریت پر بھروسہ ہونا چاہیے اسکی بجائے آپ ایف بی آر کو گرفتار کرنے کا اختیار دے رہے ہیں جو کہ قطعی طور پر غلط ہے۔ شہباز شریف کے ایوان میں نہ ہونے کے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خاندان میں ایک فوتگی ہوگئی تھی جسکی وجہ سے وہ نہ آسکے لیکن انکے باقی اراکین کو تو ایوان کے اندر موجود ہونا چاہیے تھا۔