اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے وزیراعظم عمران خان کے قومی اسمبلی میں خطاب کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں تمام اہم مسائل کا احاطہ کیا اور واضح کردیا کہ پاکستان امن کیلئے امریکہ کے ساتھ ہے، جنگ کیلئے نہیں، یہ بہت اہم اعلان ہے۔بدھ کو وزیراعظم کے خطاب کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام اہم مسائل اور معاملات پر بات کی، انہوں نے معیشت، خارجہ امور، مستقبل کے منظر نامے اور امریکہ کے ساتھ تعلقات سمیت بین الاقوامی معاملات پر بھی اظہار خیال کیا اور واضح کردیا کہ ہم پاکستانی سرزمین کو افغانوں کےخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے،یہ بہت بڑا، مثبت اور اہم اعلان اور پالیسی ہے کہ ہم امریکہ کے ساتھ ہیں لیکن جنگ کے لئے نہیں۔ امن کیلئے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج ایوان کا ماحول زبردست تھا۔