• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف آئی آر واپسی کا نوٹیفکیشن نہیں ملا: اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی


قائدِ حزبِ اختلاف بلوچستان اسمبلی ملک سکندر ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اراکین کے خلاف ایف آئی آر واپسی کا کوئی نوٹیفکیشن نہیں ملا۔

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائدِ حزب اختلاف بلوچستان اسمبلی ملک سکندر ایڈووکیٹ نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے بیان پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا میں آپ کہتے ہیں کہ اپوزیشن کے خلاف کیس واپس لے لیا، ہمارا مطالبہ یہی ہے کہ ہمیں گرفتار کرو یا ایف آئی آر واپس لی جائے۔

اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ ایف آئی آر واپسی کا نوٹیفکیشن ہوا ہے تو ہمیں دیا جائے، اگر ایف آئی آر واپس نہیں لینی تو وارنٹ جاری کر کے ہمیں گرفتار کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکمران ایف آئی آر کی واپسی کے حوالے سے غلط بیانی کر رہے ہیں، ہمیں حکمرانوں کی بار بار غلط بیانی پر ہنسی آتی ہے۔

ملک سکندر ایڈووکیٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکمران اتنا بھی نہیں سوچتے کہ ان کی غلط بیانی کے نتائج کیا ہوں گے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے وزیرِ اعلیٰ جام کمال نے گزشتہ روز ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اپوزیشن اراکین کے خلاف ایف آئی آر واپس لے لی ہے۔

تازہ ترین