اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )نیب نے سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کے نیب کے بارے میں ریمارکس کو یکسر مستر دکرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان حقائق کے منافی، بے بنیاد،گمراہ کن اور خورشید شاہ ، اعجاز جکھرانی کے نیب کیسز پر اثر انداز ہونے اور مبینہ طور پر ملزمان کو فائدہ پہنچانے کی کوشش ہے جس کی مذمت کر تے ہیں اور فیصلہ کیا ہے کہ وزیر کے بیان نیب آرڈینینس کی شقa)) 31کے تحت جائزہ لیا جائے اور اس سلسلہ میں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔نیب نے وضاحت کی ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے اعجاز جکھرانی کی ضمانت25جون کو منسوخ کی، نیب سکھر گرفتاری کے لئے جب ان کے گھر پہنچی توبڑی تعداد میں مشتعل ہجوم اور پر تشددکاروائیوں کی بدولت نیب سکھر کے افسران نہ صرف زخمی ہوئے بلکہ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ جیکب آباد پولیس نے اعجاز جھکرانی کی گرفتاری کے لئے نیب ٹیم کی کوئی مدد نہیں کی اور نہ ہی مشتعل ہجوم اور پرتشدد کاروائیوں پر قابو پانے کے لئے کوئی عملی قدم اٹھایا۔