وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں متروکہ وقف املاک کی ساری جائیدادیں نیلام کردوں گا، میں نے رکشا چلانے والے کو عمران خان سے ٹکٹ دلوایا۔
راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پہلے راولپنڈی کا تعلیم میں ستائیسواں نمبر تھا آج پہلا نمبر ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کے اسمبلی کے خطاب کے بعد ساری قوم عمران خان کے ساتھ ہے، مجھے فخر ہے عمران خان میری بات مانتے ہیں، عمران خان کے ساتھ کشمیر جارہا ہوں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے مجھے اہم ترین وزارت دی ہے، میں نے کبھی کشمیریوں سے ووٹ نہیں مانگا، آج ایک مزدور کے لئے ووٹ مانگا، میں مالشیا نہیں جو وزارت کا بھوکا ہوں، میں واحد وزیر ہوں جو کابینہ میں دالوں، گھی اور آٹے کی قیمت بتاتا ہوں۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں نےثابت کیا لال حویلی غریب کے ساتھ چلتی ہے، میں ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کی سیاست کرتا رہا، آج سے آزاد کشمیر کی سیاست میں حصہ لینےکا اعلان کرتا ہوں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی افغانستان سے وابستہ ہے، ہم افغانستاں میں امن چاہتے ہیں ایران اور افغانستان کے ساتھ اسی سال سرحد مکمل طور پر بند کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عمران خان کے لئے تر نوالہ ہے، یہ اپوزیشن عمران خان کا اگلے الیکشن میں بھی مقابلہ نہیں کر سکے گی۔