امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے پاس کوئی وژن اور ٹھوس پالیسی نہیں ہے۔
جماعت اسلامی کے تحت نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر بے روزگار نوجوان مارچ کیا گیا، جس سے سراج الحق نے خطاب کیا۔
سراج الحق نے خطاب میں کہا کہ ہم حکومت سے پوچھتے ہیں کہاں ہیں وہ ایک کروڑ نوکریاں جو دینے کا وعدہ کیا گیا؟
انہوں نے کہاکہ تین سال میں تو بچہ بھی چلنا شروع ہوجاتا ہے، یہ حکومت کھڑی نہیں ہوئی۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہاکہ ایل پی جی، پٹرول اور غذائی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، حکومت نے تاریخی ریکارڈ قرضہ لیا ہے۔
اُن کا کہنا تھاکہ حکومت کے پاس کوئی وژن اور ٹھوس پالیسی نہیں، نوجوانوں کو لنگر خانہ نہیں روزگار چاہیے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہاکہ پی پی پی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کی حکومتوں نے مسائل میں اضافہ کیا، جماعت اسلامی قوم کی تقدیر بدلے گی۔
انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو تباہ نہیں ہونے دیں گے ان کو سہارا دیں گے، بیروزگار ی کیخلاف ملک بھر میں بھر پور احتجاج کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ جاگیر دار اور سرمایہ دار اپنی جاگیروں اور پیسوں میں اضافہ کرتے ہیں۔