کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنےکے لئے لگائی گئی پابندیوں نے یورپ میں مقیم پاکستانی مسافروں کو وطن پہنچنے میں رکاوٹ پیدا کردی ہے۔
بیلجیم اور اس کے پڑوسی ممالک میں مقیم پاکستانی افراد نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف ائیرلائنز کی جانب سے اپنی کنفرم ٹکٹوں کی منسوخی کی اطلاع دیتے ہوئے اس پر اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
ناراض مسافروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے بچوں کو آبائی وطن لے جانے کےلئے بہت پہلے سے پلاننگ کر رکھی تھی۔
اسی ترتیب سے ملازمت پیشہ افراد نے اپنے اداروں سے چھٹی بھی لے رکھی تھی، لیکن اب اچانک مڈل ایسٹ سے تعلق رکھنے والی مختلف ائیر لائنز کی جانب سے انہیں اس سفر کیلئے حاصل کردہ ٹکٹوں کی منسوخی کی اطلاع دی جا رہی ہے۔
جس کے باعث ایسے افراد اور فیملیز بھی متاثر ہو رہی ہیں، جن کی شادی طے تھی اور اس کے لئے پاکستان میں تمام تیاریاں بھی مکمل تھیں۔
تمام ائیر لائنز اس سارے معاملے پر حکومت پاکستان کے فیصلے کو مورد الزام ٹھہرا رہی ہیں، جس نے پاکستان آنے والی فلائٹس میں انتہائی کمی کردی ہے۔