• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس کیخلاف نازیبا تقریر، پی پی کارکن کی معافی مسترد، فردجرم عائد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے پیپلز پارٹی کراچی کے مقامی کارکن ،مسعود الرحمن عباسی کی جانب سے چیف جسٹس گلزار احمد کے حوالے سےتوہین آمیز تقریر کرکے اسے سوشل میڈیاپر وائرل کرنے کے اقدام کیخلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران ملزم کی معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اگلی سماعت پر اس کیخلاف فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

عدالت نےکہا کہ ایف آئی اے تفتیش کرے ملزم نے کسی کے ترغیب دلانے پر تو تقریر نہیں کی، جبکہ ملزم نے عدالت سے معافی مانگتے ہوئے کہاکہ چیف جسٹس کے پائوں پکڑ کر معافی مانگتا ہوں،جج صاحبان میرے والد کے درجہ کے برابر ہیں، مجھے معاف کر دیں، جس طریقے سے عدالت حکم دیگی میں اسی طرح ہی معافی مانگنے کیلئے تیار ہوں۔ 

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجا زالاحسن ،جسٹس منیب اختر اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل چار رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو ملزم مسعود الرحمٰن عباسی نے شو کاز نوٹس پر اپنے ہاتھ سے لکھے ہوئے ایک صفحے کا تحریری جواب جمع کرواتے ہوئے عدالت سے معاف کردینے کی استدعا کی ،تاہم عدالت نے اس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے آبزرویشن د ی کہ اس مرحلے پر معافی نامہ قبول نہیں کیاجاسکتا ۔

تازہ ترین