برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) نوجوان چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر میں الیکشن کمپین کے لیے دبنگ انٹری کرکے کشمیریوں کے دل جیت لیے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کی آزادی کے لیے ایک ہزار سال تنگ جنگ لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ شہید رانی نے بھی کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی کی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی مڈ لینڈ کے صدر چوہدری شاہ نواز، سینئر نائب صدر مرزا اختر محمود نے ’’روزنامہ جنگ‘‘ سے گفتگو میں کیا۔ چوہدری شاہ نواز نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ڈویژن میرپور میں ایک مضبوط بنیاد رکھی۔ قائد حزب اختلاف آزاد کشمیر چوہدری یٰسین اب کی بار دونوں حلقوں سے کامیابی سمیٹیں گے اور ڈویژن میرپور سے تیرا میں سے6سیٹیں پاکستان پیپلز پارٹی جیتے گی۔ سینئر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی مڈ لینڈز مرزا اختر محمود نے کہا کہ کوٹلی لائن آف کنٹرول سے صرف چند کلو میٹر کی دوری سے نوجوان قائد نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم بھائیوں، بیٹوں کو یکجہتی کا پیغام دیا۔ بلاول بھٹو کے دورہ کوٹلی سے ثابت ہوگیا ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں پاکستان پیپلز پارٹی کی کشمیر پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیاب بنائیں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ خود کشمیری عالمی سطح پر لڑیں گے۔ ہم کشمیری قوم کے ساتھ سیسہ پلائی سوئی چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔