پشاور(وقائع نگار) آڑھتیان ایسوسی ایشن ( رجسٹرڈ)، فروٹ و سبزی منڈی انقلاب روڈ پشاور کے انتخابات 2021ء ملک سوہنی صدر ، ملک محمد انور خان اور لالہ ظفر علی نائب صدور اور حاجی ظاہر محمد جنرل سیکرٹری بلا مقابلہ منتخب ہوگئے اس متعلق آڑھتیان ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ ) کی الیکشن کمیٹی کی جانب سے باقاعدہ طور پر اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے ۔ تاہم سینئر نائب صدر کی نشست پر حاجی غلام جعفر اور حاجی عبدالکریم ، نائب صدر بلاک اے کی نشست پر حاجی محمد شفیق اور حاجی امان گل ، نائب صدر بلاک بی کی نشست پر پیر ابوالحسن اور حاجی باغچہ گل جبکہ نائب صدر بلاک ڈی کی نشست پر ارباب محمد عابد اور حاجی عبدالواحد کے درمیان شیڈول کے مطابق 11 جولائی کو خفیہ بیلٹ کے ذریعے مقابلہ ہوگا جس کے لئے تمام امیدواروں کو انتخابی نشانات بھی الاٹ کئے گئے ہیں ۔ منتخب صدر نے اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ حسب روایت فروٹ و سبزی میں کاروبار کرنے والے آڑھتیان و تاجران کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہاکہ فروٹ و سبزی منڈی میں ترقیاتی کام کئے بھی ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے صوبائی حکومت ، وزیر اعلیٰ اور وزیر زراعت خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا کہ زراعت کو ترقی دینے اور فروٹ و سبزی کے آڑھتیان و تاجران کے مسائل کو حل کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں ۔ انہوں نے اس عزم کااظہار کیاکہ آڑھتیوں اور تاجروں کے حقوق کے لئے ہماری خدمات کا سلسلہ جاری رہے گا اور ان کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے اورکسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔