• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عیدِ قرباں کیلئے NCOC کی ہدایات جاری


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتِ حال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے عیدِ قرباں کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بھر میں اب تک لگائی گئی ویکسین کی تعداد 1 کروڑ 67 لاکھ سے زائد ہے، گزشتہ ماہ جون میں 8 لاکھ 30 ہزار سے زائد ویکسین لگائی گئی۔

این سی او سی نے تمام اکائیوں کو عیدالاضحی کیلئے مفصل ہدایات جاری کی ہیں جن کی روشنی میں مویشی منڈیاں شہر سے باہر لگائی جائیں گی۔

مویشی منڈیوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا، تمام اسٹاف اور تاجروں کا ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے، انتظامیہ کو داخلے پر ہینڈ سینیٹائزر، ماسک اور ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کی تاکید کی گئی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے لیے اندرونِ شہر جانوروں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب کورونا وائرس کی صورتِ حال اور ویکسینیشن کا جائزہ لینے کیلئے ڈی جی این سی او سی نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا ہے۔

ان کے ساتھ جانے والے وفد نے گلگت، شگر اور ہنزہ کے ویکسینیشن سینٹرز کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر این سی او سی کی جانب سے تمام سیاحتی مقامات پر رجسٹرڈ آبادیوں کی 100 فیصد ویکسینیشن کا فیصلہ کیا گیا اور گلگت بلتستان میں ویکسینیشن کا عمل بہتر کرنے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔

تازہ ترین