وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغان صورتِ حال میں بھارت لوزر اور امریکا کنفیوز ہے۔ پاکستان معاملے کے پُرامن حل کے لیے تاجکستان، ازبکستان اور ایران سے رابطے میں ہے۔
گوادر میں مختلف منصوبوں کے سنگِ بنیاد اور افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم سب کی کوشش ہے افغانستان میں امن ہو، ہمسایہ ملکوں کی کوشش ہے افغانستان مں سیاسی سیٹلمنٹ ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایران کے صدر سے بھی افغانستان کے معاملے پر بات کی ہے، کوشش ہے طالبان سے بھی بات کریں تاکہ افغانستان میں سیاسی سیٹلمنٹ ہو۔
عمران خان نے کہا کہ گوادر وسط ایشیا سے جڑنے جا رہاہے، تاجکستان، ازبکستان سے ہمارے کنٹریکٹ ہوگئے ہیں، میں ازبکستان کے دورے پر جارہا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وسط ایشیا کے لینڈ لاک ممالک گوادر کے راستے اپنی مصنوعات گزارنے کے خواہش مند ہیں۔