• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم نے کابینہ اجلاس کل طلب کرلیا

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کیا ہے جس میں 22 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں کونویڈیسیا ویکسین کی ریٹیل پرائس مقرر کرنے کی منظوری دی جائے گی۔

اس موقع پرکابینہ اضافی کسٹم ڈیوٹیز اور ریگولیٹری ڈیوٹیز لاگو کرنے سے متعلق فیصلہ کرے گی جبکہ گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

کابینہ کو جی 20 ممالک سے قرضوں کی ادائیگی معطل کرنے کے اقدام پر بریفنگ دی جائیگی۔

وفاقی کابینہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئرپورٹ اتھارٹی آرڈیننس اور مالی سال 2021 کے لیے ایس ای سی پی کے آڈیٹرز تعینات کرنے کی منظوری دے گی۔

وفاقی کابینہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اتھارٹی ایکٹ کی منظوری دے گی اور اسی حوالے سے پبلک آرڈ ایکٹ 2019ء میں ترمیم کی منظوری دے گی۔

اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سیکیورٹی آف اسٹیبلشمنٹ ایکٹ 2019 کا معاملہ بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

وفاقی کابینہ پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور میں سحر زرین کی تعیناتی اور چیئرمین ای او بی آئی کی کنٹریکٹ پر تعیناتی کی بھی منظوری دے گی۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ فیڈرل گورنمنٹ پراپرٹی مینجمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری بھی دے گی اور کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔

اجلاس میں کابینہ ادارہ شماریات کے ممبر سپورٹ سروس کی دوبارہ تعیناتی کی منظوری دے گی جبکہ کابینہ کمیٹی توانائی کے گزشتہ 3 اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔

تازہ ترین