• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این سی او سی کا کورونا ضوابط کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا ضوابط (ایس او پیز) کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا سے متعلق ایس او پیز کیخلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

این سی او سی کے مطابق کورونا ضوابط کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں ریسٹورنٹ، ان ڈور جمنازیمز، شادی ہالوں میں دیکھی گئیں۔

این سی او سی کے مطابق کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ٹرانسپورٹ ، مارکیٹس ،سیاحت اور دیگر سیکٹرز میں بھی دیکھی گئی ہیں۔

اجلاس میں واضح طور پر کہا گیا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے پر سخت پابندیوں کا فیصلہ لیا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ تمام چیف سیکریٹریز پر مشتمل این سی او سی کا خصوصی اجلاس بلالیا گیا ہے، جس میں کورونا ضوابط کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

این سی او سی کے مطابق چیف سیکریٹریز کے اجلاس میں ایس او پیز کے نفاذ کے سخت طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا جائے گا، تمام اکائیوں میں ویکسی نیشن تیز کرنے کے اقدامات کاجائزہ لیا جائے گا۔

این سی او سی کے مطابق ویکسی نیشن کے تصدیقی پورٹل کا اجراء کردیا گیا ہے، تمام اکائیوں کی مشاورت سے ویکسین مراکز کے مقامات بڑھائے گئے ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اضافی مقامات پرموڈرنا ویکسین لگائی جائے گی۔

این سی او سی کے مطابق پنجاب میں 15، سندھ میں 10، کے پی کے میں 14، بلوچستان میں 4 ، اسلام آباد، آزاد کشمیر میں5,5 اور جی بی میں 6 اضافی مقامات بنائے گئے ہیں۔

تازہ ترین