کوٹلی (نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی ترقی اور پی ٹی آئی کی تبدیلی دیکھ لی، جیالے ووٹ کی عزت والے اور کٹھ پتلی دونوں کا بندوبست کردینگے ، کٹھ پتلی اسلام آباد میں قبول ہے نہ مظفر آباد میں، جیالوں کو حکم دوں تو حکمران کہیں کے نہیں رہیں گے۔
ووٹ کی طاقت سے آزاد کشمیر میں حکومت بنائینگے، کشمیر کا سودا منظور نہیں، ہمارے جیالے اپنی شادیوں میں مودی کو شرکت کی دعوت دیتے ہیں نہ بی جے پی کی فتح کیلئے دعا مانگتے ہیں ،5 جولائی ہر محب وطن کیلئے سیاہ ترین دن ہے، 5 جولائی کو قائد عوام کو شہید کرکے جمہوریت پر شب خون مارا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نکیال میں انتخابی جلسے سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 5 جولائی ہر محب وطن کیلئے سیاہ ترین دن ہے، 5 جولائی کو قائد عوام کو شہید کرکے جمہوریت پر شب خون مارا گیا، قائد عوام جس نے آئین دیا، غریب کو آواز دی، مزدور کو اس کا حق دلایا، کسان کو زمین دلائی اس کو جیل میں بند کرکے تختہ دار پر لٹکایا گیا، وہ سمجھتے تھے کہ قائد عوام کو شہید کرکے عوام کے حقوق کا سودا کر لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں بینظیر بھٹو نے پارٹی کا پرچم تھاما اور دو آمروں کا مقابلہ کیا لیکن 2007 میں انہیں بھی شہید کرکے ہم سے چھین لیا گیا، وہ سمجھتے تھے کہ بینظیر کو شہید کرکے پیپلز پارٹی کو ختم کر دیں گے اور اپنا غیر جمہوری نظام نافذ کر دیں گے لیکن ہم پیپلز پارٹی والوں کا دفاع کرنے کے لیے موجود ہیں اور بزدل حکمراں وفاق میں ہوں یا مظفر آباد میں خوفزد ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سارے کٹھ پتلی جانتے ہیں کہ وہ کاغذی جماعتیں ہیں اور پیپلز پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس کے ساتھ عوام کھڑے ہیں، آپ پیپلز پارٹی سے کیوں خوفزہ ہیں، ہمارا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں تو ووٹ کا مقابلہ کریں، ہم آپ کی طرح تشدد پر یقین نہیں رکھتے، اگر پیپلز پارٹی اس کھیل میں آجاتی اور اگر میں اپنے جیالوں کو حکم دے دوں، تو پھر آپ کہیں کے نہیں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو اس قسم کی سیاست نہیں کرنے دیں گے، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر پر ووٹ کی عزت کا کہنے والوں نے فائر کروایا، کیا ووٹ کی عزت بندوق سے ہوتی ہے یا عوام کے ووٹ سے، ہم آپ کیخلاف ایک پتھر بھی نہیں اٹھائینگے، ایک گولی بھی نہیں چلائیں گے، ہم آزاد کشمیر کے عوام کے ووٹ کی طاقت سے حکومت بنائینگے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ پیپلز پارٹی کا نوجوان چیئرمین موجود ہے، ہمارے جیالوں کا امتحان نہ لیں، یہ وہ جیالے ہیں جو اپنی شادیوں میں مودی کو شرکت کی دعوت نہیں دیتے ہیں، یہ وہ جیالے ہیں جو انتخابات میں مودی کی فتح کیلئے دعا نہیں مانگتے ہیں، یہ جیالے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمارے جیالوں کا نعرہ ہے کہ کشمیر پر سودا نامنظور۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ کشمیر کاز کو ہر فورم پر لڑا، ایک طرف وہ قائد عوام تھا جو کشمیر میں ہڑتال کی کال دیتا تھا اور ایل او سی کے اس طرف بھی ہڑتال ہوتی تھی اور اس طرف بھی، اب آپ ہماری قسمت دیکھیں، ہمارا کٹھ پتلی وزیر اعظم ہے، مودی کشمیر میں تاریخی حملہ کرتا ہے تو کٹھ پتلی کہتا ہے میں کیا کروں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام 25 جولائی کو پوری دنیا کو پیغام دینگے کہ یہاں کے عوام ایک عوامی جماعت کیساتھ ہیں جو نہ اسلام آباد میں کٹھ پتلی چاہتے ہیں نہ مظفر آباد میں، ہم نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر کے عوام کا ساتھ دینا ہے بلکہ آزاد کشمیر کے عوام کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بزدل کٹھ پتلی نے 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن حکومت میں آکر تجاوزات کے نام پر عوام کو بے گھر کر دیا، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرکے نوکریاں چھین لیں، کسی جماعت نے غریب کا ساتھ دیا ہے تو وہ پیپلز پارٹی ہے، کشمیر کا فیصلہ کشمیر کے عوام کرینگے۔