• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ و نوشکی میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائی میں15مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ + نوشکی( خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ اور ضلع نوشکی میں ناقص اشیاء کی فروخت کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران پندرہ سے زائد مراکز پر جرمانے عائد کردئیے گئے۔ عوام کی جانب سے شکایات موصول ہونے اور ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کی ہدایت پر بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے نوشکی میں مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے تین ہولسیل ٹریڈرز اور تین جنرل سٹورز کو زائدالمیعاد فوڈ آئٹمز جن میں فروزن فوڈ، جوسز و کولڈرنکس، پیکٹ مصالحہ جات،بچوں کے کھانے کی مختلف اشیاء، غیر معیاری فوڈ کلرز اور چائنیز نمک شامل تھے کی فروخت پر جرمانہ کیا، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز سجاد علی کی سربراہی میں بی ایف اے حکام نے مذکورہ مراکز سے برآمد ہونے والی ایکسپائرڈ و مضر صحت اشیاء کی بڑی مقدار قبضے میں لے لی۔ مزید برآں کوئٹہ میں ناقص گوشت کی فروخت کے تدارک کے لئے جاری کارروائیوں کے دوران حفظان صحت کے اصولوں و بی ایف اے حکام کی فراہم کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر نو گوشت کی دکانوں پر جرمانہ عائد کردیاگیا۔ بی ایف اے حکام کے مطابق مذکورہ میٹ شاپس کے خلاف بارہا تنبیہ و ہدایات کے باوجود دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے، شاپس کے اندر و احاطے میں جانور ذبح کرنے، صفائی کی انتہائی خراب صورتحال اور فریزرز سے باسی گوشت برآمد ہونے پر کارروائی کی گئی۔ علاوہ ازیں چھ میٹ شاپس کو اصلاحی نوٹس جاری کرتے ہوئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے وضع کردہ اسٹیڈرز کے عین مطابق گوشت کی سٹوریج و عوام کو فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
تازہ ترین