• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ،بی یو جے کا پنجاب اسمبلی کےممبر استحقاق بل کے خلاف احتجاج

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی اپیل پرپنجاب اسمبلی میں ممبر استحقاق بل کی منظوری کے خلاف پیر کو بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کےسامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر مظاہرئے کے شرکا نے بل کی منظوری کے خلاف نعرئے بازی بھی کی، مظاہرے سے پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذولفقار، صدر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس سلمان اشرف اور کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ملک میں اظہار رائے مشکل ہوتا جارہا ایک طرف حکومت جرنلسٹس پروٹیکشن بل لارہی ہےدوسری طرف پنجاب اسمبلی کے ممبر استحقاق بل جیسے کالے قوانین لارہے ہیں جسےصحافی مسترد کرتے ہیں ملک بھر کے صحافی پنجاب کے صحافیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور اس قانون کے خلاف ملک گیر احتجاج میں ان کا مکمل ساتھ دیں گے، پی ایف یو جے جب بھی احتجاج کی کال دے گی صحافی اس پر لبیک کہیں گےانہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی استحقاق بل کا مقصد عوامی نمائندوں کی خامیوں کو چھپانے کی کوشش ہے دنیا آزادی صحافت کی طرف جارہی ہے لیکن ہمارے ملک میں پابندیاں لگائی جارہی ہیںبل میں اسپیکر یا کسی بھی ممبر کے خلاف سوال اٹھا نے والے کیلئے استحقاق کمیٹی سزا تجویز کرے گی جس پر چوبیس گھنٹوں میں عمل درآمد ہوگا میڈیا پر قدغن انتہائی قابل مذمت ہےانہوں نے کہا کہ حکومت اپنی کارکردگی کا تنقیدی جائزہ لینے والوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہی ہے آزادی صحافت کیلئے صحافیوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں آزادی صحافت کا قافلہ جاری رہے گا،صحافیوں کو مل کراپنے بقا کی جنگ لڑنا ہوگی صحافی آمرانہ دور میں بھی کالے قوانین کا مقابلہ کرتے رہے ہیں اب بھی کریں گے میڈیا پر قدغن کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی،مقررین نے متنازعہ بل کو مسترد کرتے ہوئے ملک گیر تحریک چلانے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ آزادی صحافت کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا ، مقررین نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیاکہ وزیر اعظم کے دورہ گوادر کے موقع پر بھی مقامی صحافیوں پرپابندی عائد کی گئی۔ 
تازہ ترین