لاہور چیمبر کی ترقی اور اس کے مثبت اثر کو قائم رکھنے میں بزنس کمیو نٹی کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں اور صحافی برادری کی بہت زیادہ خدمات ہیں جن کو تسلیم کرنا اور اُن پرتمام افراد کا شکریہ ادا کرنا انتہائی اہم ہے۔ یہ تمام افراد ادارے سے وابستہ رہے ہیں اور ہر مقام پر انہوں نے تاجر برادری کی بڑھ چڑھ کر خدمت کی ہے۔ اس ضمن میں پہلی مرتبہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے "فرینڈز آف لاہورچیمبر ایوارڈز" کی تقریب کا انعقاد کیا۔ یہ تقریب گورنر ہاوس میں منعقد کی گئی جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے سول سرونٹس اور میڈیا کے نمائندوں میں پہلے فرینڈز آف لاہور چیمبر ایوارڈز تقسیم کیے۔
فرینڈز آف لاہور چیمبر ایوارڈ بزنس کمیونٹی، میڈیا اور سول بیوروکریسی کے مابین فاصلے کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اس طرح رابطوں کو بہتر بنانے میں لاہور اور اس کی معیشت کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔
ایوارڈز کا مقصد ملک کی معاشرتی و معاشی ترقی کے لیے سرکاری، نجی شعبے اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی نمایاں خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ سرکاری، نجی شعبے اور میڈیا کے نمائندوں نے ہمیشہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ بہترین تعاون کیا جس کی بدولت لاہور چیمبر کے لئے تجارت و معیشت کے حوالے سے بہترین خدمات سرانجام دینا ممکن ہوا۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ایوارڈز تقسیم کیے۔ اس موقع پرلاہور چیمبرکے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر محمد ناصر حمید خان، نائب صدر طاہر منظور چوہدری اور لاہور چیمبر کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اچیومنٹ ایوارڈز کے کنوینر محمد ہارون اروڑا نے بھی خطاب کیا۔لاہورچیمبر کے سابق صدور میاں مصباح الرحمن، محمد علی میاں، شاہد حسن شیخ، فاروق افتخار، عبدالباسط، طاہر جاوید ملک، عرفان اقبال شیخ، الماس حیدر،سابق عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت ملک کی ترقی اور خوشحالی کے مشن کو جاری رکھے گی، کورونا وائرس وبائی بیماری کے باوجود، ملکی معیشت مستحکم ترقی کی راہ پر گامزن ہے جو بہت اچھا شگون ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مالی سال 2021-22 کے دوران پاکستان کی معیشت میں بہتری جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی میں کاروباری برادری کا کرداربہت اہمیت رکھتا ہے۔ تمام ادارے ملک کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان ہر شعبہ میں آگے بڑھ رہا ہے، حکومت کی کوششوں اور پالیسیوں نے ملک کو معاشی خطرات سے چھٹکارا دلایا ہے۔
معاشرے کی بہتری کے لئے میڈیا، بزنس مین اور بیوروکریسی کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی قلت بڑا چیلنج بن چکی ہے جس سے نمٹنے کے لیے ہر کسی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، رواں سال کے آخر تک 7.6ملین افراد کو صاف پانی میسر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کے دوران حکومت، ہیلتھ ورکرز، کاروباری برادری اور میڈیا نے مستحسن کردار ادا کیا۔ انہوں نے ایوارڈز کی تقریب منعقد کرنے پر لاہور چیمبر کو سراہا۔
لاہور چیمبرکے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ فرینڈز آف لاہور چیمبر ایوارڈز کا مقصد ملک کی معاشرتی و معاشی ترقی کے لیے سرکاری، نجی اور میڈیا شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی نمایاں خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری، نجی اور میڈیا شعبوں کے نمائندوں نے ہمیشہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ بہترین تعاون کیا جس کی بدولت تجارت و معیشت کے لیے بہترین خدمات سرانجام دینا ممکن ہوا۔پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے حکومت اور نجی شعبہ دونوں کو فائدہ ہوتا ہے، نجی شعبہ محاصل کا بڑا ذریعہ ہونے کی حیثیت سے نجی شعبہ ریاست کے مالی امور چلانے میں حکومت کی مدد کرتا ہے جبکہ حکومت نجی شعبہ کو انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات فراہم کرتی ہے
لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چوہدری نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کے معاشی استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کر تا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اہداف کو مضبوط عوامی نجی شراکت داری کے ذریعے ہی پورا کیا جاسکتا ہے ۔