تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: سوانہ راجپوت
ملبوسات: منوش برائیڈل کلیکشن
آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: ایم کاشف
لے آئوٹ: نوید رشید
رضوان ناظم کی غزل کےدو اشعار ہیں؎’’تم سے مل کر خوشی سی لگتی ہے… زندگی، زندگی سی لگتی ہے …تم جو آئے ہو، آج گھر میرے… ہر طرف چاندنی سی لگتی ہے‘‘واقعی کچھ لوگ اتنےپُرکشش اورصُبح کی مانند اُجلے، شفّاف ہوتے ہیں کہ ان کی رفاقت میں زندگی، بھلی بھلی سی لگنے لگتی ہے اور عموماً یہ جذبات و احساسات دوستوں، سَکھیوں سہیلیوں ہی سے زیادہ مشروط ہوتے ہیں کہ اچھے دوستوں کی سنگت میں دِل کی کلی ہی نہیں کِھلتی، آس پاس کا ہر منظر بھی نکھرا نکھرا، اُجلا اُجلا سا لگنے لگتا ہے۔ اگر ایسی ہی کسی عزیز سہیلی سے ملنے کا کوئی پروگرام بن رہا ہے، تو ہمارے انتخاب سے بھی مستفید ہوا جاسکتا ہے۔
ذرا دیکھیے تولائٹ ایپری کوٹ رنگ میں ڈبل لیئر گھیر دار لانگ فراک کیسی پیاری لگ رہی ہے ۔فراک کا اِنر پلین ساٹن سِلک کا ہے، جب کہ اَپر نیٹ کا ، جس کی باڈی پر ریڈی میڈ پھول ٹانکے گئے ہیں، تو گھیر پر لڑیوں والی لیس کی آرایش ہے۔پھر ویسٹرن اسٹائل سُرمئی رنگ ستارہ ورک سے آراستہ پیراہن بھی خُوب ہے، توساٹن سِلک میں ٹیل رنگ کام دار فِش لہنگے کے ساتھ اسکن رنگ کام دار قمیص کی جدّت و ندرت کا بھی جواب نہیں۔ ساتھ موتی سے آراستہ نیٹ دوپٹے کا انتخاب بھی خُوب ہے۔ اِسی طرح ساٹن سِلک میں نیلے رنگ کی بھاری کام دار میکسی خوش گوار تاثر دے رہی ہے،تو شِمر فیبرک میں ٹرکوائز رنگ پلین ساڑی کی دِل کشی و رعنائی بھی جوبن پر ہے۔
تو کہیے ،آج یہ عمدہ پہناوے دیکھ کر کس سہیلی سے ملنے کا پروگرام بنا…؟؟