• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب مجرم چھپانے، کرپشن بچانے کیلئے استعمال ہو رہا ہے: شاہد خاقان عباسی

مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آج نیب مجرموں کو چھپانے اور کرپشن بچانے کیلئے استعمال ہو رہا ہے، آج پاکستان کی کرپٹ ترین حکومت اقتدار میں ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیشہ کہا ہے کہ عدالت میں کیمرے لگائیں تاکہ عوام کو پتہ لگے، سپریم کورٹ بتا چکی کہ بجلی کی مد میں حکومت کو 234 ارب روپے منافع ہوا، 6 دن ایل این جی ٹرمینل بند کرنا پڑے تو حالات عوام کے سامنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کابینہ میں پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ایل این جی بند کرنے کا ذمے دار کون ہے، یہ کارخانے نیب کے حوالے کر دیں، شاید وہ چلا لے، اس حکومت کے سیکریٹری کہہ رہے ہیں کہ نیب کو بند کریں گے تو ملک چلے گا، ملک کو چلا لیں یا نیب کو چلا لیں، ہزاروں ارب کے اسکینڈلز ہیں مگر نیب خاموش ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو وزیر نکالے گئے ان کے اسکینڈلز ہیں مگر نیب خاموش ہے، نیب سے پوچھا جائے کہ ایل این جی ٹرمینل لگنا چاہیئے تھا یا نہیں؟ 6 دن ایل این جی ٹرمینل بند رہا ملک بیٹھ گیا، بجٹ پاس ہونے کے 6 دن بعد ہی بجلی پر پونے 3 روپے بڑھ گئے، منہگائی اور بڑھے گی، تماشے لگیں گے، سی این جی کی قیمت بڑھ گئی۔

ان کا کہنا ہے کہ اس ملک کو نیب کے حوالے کر دیا جائے، حکومتی شخصیات خود کہتی ہیں کہ نیب کے ہوتے ملک کی ترقی نہیں ہو سکتی، چیئرمین نیب جھوٹے کیسز کو ختم کریں، جو ووٹ کو عزت نہیں دے گا ہم اس کی عزت نہیں کریں گے، الیکشن چوری ہوں گے تو ملک آگے نہیں بڑھے گا۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن پر پوری دنیا کی نظریں ہیں، وہاں بھی الیکشن چوری کیئے جا رہے ہیں، افغانستان کے معاملے پر پارلیمنٹ کے ذریعے متفقہ پالیسی اختیار کی جائے، افغان عوام کی رائے کا احترام کیا جائے، ہمیں افغانستان کی خودمختاری کا احترام کرنا ہو گا۔

شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو گواہ آتا ہے وہ کہتا ہے کہ نہ حکومت کو نقصان ہوا نہ عوام کا پیسہ لگا، کیس یہ ہے کہ ایل این جی ٹرمینل نہیں لگنا چاہیئے تھا، پیٹرولیم کے سیکریٹری کہہ رہے ہیں کہ نیب کاموں میں مداخلت کر رہا ہے، جتنا نقصان نیب نے پہنچایا، کسی اور ادارے نے نہیں پہنچایا۔

تازہ ترین