اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف علی زرداری کی غیر حاضری میں درخواست ضمانت سننے سے انکار کرتے ہوئے انہیں آج پیش ہونے کا حکم دیا ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ غیر موجودگی میں ضمانت دینے کی نئی مثال نہیں بناسکتے، جبکہ وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ آصف علی زرداری کو آج ایئر ایمبولینس سے لے آئینگے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی نیویارک امریکا میں مبینہ پراپرٹی کی نیب کی جانب سے انکوائری میں دائر درخواست ضمانت پر سماعت آ ج (بدھ ) تک ملتوی کرتے ہوئے ملزم کو پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔ منگل کو عدالت عالیہ کےچیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے اور سابق صدر آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی۔عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی عدم موجودگی میں ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ سابق صدر آصف علی زرداری آج (بدھ کو) عدالت پیش ہوں ۔فاروق ایچ نائیک نے موقف اختیار کیا کہ سابق صدر بیمار ہیں اگر آپ حکم دیں گے تو آصف علی زرداری پیش ہو جائیں گے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فاروق ایچ نائیک سے استفسار کیا کہ وہ آجائیں آپ تاریخ بتا دیں کس دن وہ پیش ہوں گے۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پرسوں کی تاریخ دیں وہ آجائیں جب تک آپ حفاظتی ضمانت دے دیں۔