• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیبر کورٹ کو ٹوبیکو کمپنی کیخلاف درخواست پر حتمی فیصلے سے روک دیا گیا

پشاور(نیوز رپورٹر)پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ابراہیم خان اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے لیبر کورٹ مردان کی جانب سے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے ملازمین کےخلاف دائر استغاثہ کی درخواست پر حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روک دیا اور اس حوالے سے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کردیا۔ دو رکنی بینچ نے عالمزیب خان ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائر حسین احمد وغیرہ کی رٹ پر سماعت کی ۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انسپکٹرفیکٹریز نے مجاز حکام کی اجازت کے بغیر درخواست گزاروں کےخلاف استغاثہ دائر کیا جس پر لیبر کورٹ مردان میں کارروائی شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ استغاثہ خیبر خیبر پختونخوا پے آف ویجزایکٹ 2013 کے تحت دائر کیا گیا حالانکہ مجاز حکام نے نہ تو اس حوالے سے منظوری دی اور نہ ہی انسپکٹرفیکٹریز کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اس حوالے سے استغاثہ کرے ۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ جو کارروائی ہوگی وہ لیبر ڈیپارٹمنٹ باقاعدہ لیبر انسپکٹر کے اعلامیہ کے بعد ہی کرے گا تاہم جب درخواست گزار نے لیبر کورٹ میں بریت کےلئے درخواست دائر کی تواسے لیبر کورٹ مردان کے جج نے خارج کیا ۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ انسپکٹر فیکٹریز نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے اور وہ کسی صورت ایسے استغاثہ کا مجاز ہی نہیں جس پر عدالت نے لیبر کورٹ مردان کو کیس کا حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روک دیا اور متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا۔
تازہ ترین