لاہور سمیت پنجاب بھر میں 2 روز بعد شہریوں کو کورونا وائرس کی ویکسین سائنو فارم کی دوسری ڈوز لگنا شروع ہو گئی۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق لاہور کے ایکسپو ماس ویکسی نیشن سینٹر سمیت پنجاب کے تمام سینٹرز میں کورونا وائرس کی ویکسین لگ رہی ہے۔
پنجاب کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ سائنو فارم کی ساڑھے 8 لاکھ خوراکیں آئی ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیرونِ ملک جانے کے خواہش مند اور بیمار افراد کو فائزر اور موڈرنا ویکسین لگ رہی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہے، یہاں اب تک 3 لاکھ 47 ہزار 180 کورونا کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 10 ہزار 791 ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 30 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 517 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 17افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 877 کورونا مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 2 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 469 ہو گئی ہے، جبکہ کُل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 66 ہزار 7 ہو چکی ہے۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 34 ہزار 13 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 941 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کُل 9 لاکھ 9 ہزار 525 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 46 ہزار 287 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 48 لاکھ 61 ہزار 926 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 لاکھ 25 ہزار 616 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 77 لاکھ 59 ہزار 783 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔