• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلیپ کمار کے کیساتھ 3 فلموں میں کام کرنیوالے انیل کپور کی غمگین ٹوئٹ

لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے ساتھ 3 فلموں میں اسکرین شیئر کرنے والے معروف سنیئر بھارتی اداکار انیل کپور کا ’ٹریجیڈی کنگ‘ کی وفات پر کہنا ہے کہ دلیپ کمار ہمارے ذہنوں اور دلوں میں ہمیشہ رہیں گے۔

بھارت کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار 98 سال کی عمر میں آج صبح وفات پاگئے ہیں، اُن کے انتقال پر بھارت، پاکستان سمیت دنیا بھر سے اظہار افسوس  اور غمگین پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان اور بھارت کے ہر زندگی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے دلیپ کمار کے مداح اُن کے انتقال پر غمگین ہیں اور اُن کے ساتھ اپنی یادگار تصویریں شیئر کر رہے ہیں۔

دلیپ کمار کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی اداکار انیل کپور کی جانب سے بھی مرحوم اداکار کے ساتھ یادگار تصویریں شیئر کی گئی ہیں۔

انیل کپور کا اپنی ٹوئٹ میں تصویریں شیئر کرتے ہوئے ایک نوٹ بھی شیئر کیا گیا ہے جس میں اُن کا کہنا ہے ’آج اس دنیا کی روشنی کم ہو گئی ہے کیوں کہ آج ایک روشن ستارا ہم سے بچھڑ کر جنت چلا گیا ہے، دلیپ کمار صاحب میرے والد سے بہت نزدیک تھے اور اُن کے ساتھ اسکرین پر 3 یادگار فلموں میں کام کرنا بہت خوبصورت تجربہ رہا۔‘

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ’وہ میری نظر میں بھارتی فلم انڈسٹری کے بہترین اداکار تھے اور رہیں گے، انہوں نے اداکاروں کو نسل در نسل اداکاری کی تعلیم دی ہے اور فنکاروں نے اُن سے سیکھا ہے۔‘

انیل کپور کی جانب سے دلیپ کمار کے آخری سفر کے لیے دعا بھی کی گئی ہے، انیل کپور کا اپنی ٹوئٹ کے آخر میں کہنا تھا کہ دلیپ کمار ہمارے ذہنوں اور دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

تازہ ترین