جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی۔ف) کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں حکومتی رٹ نہیں ہوتی، عصر کے بعد وہاں پولیس گشت نہیں ہوتا۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں عبدالغفور حیدری نے کہا کہ میں ایوان میں بلوچستان کا مقدمہ رکھنا چاہتا ہوں، ہر الیکشن میں نہ صرف قوم پرستوں نے حصہ لیا بلکہ آئین کو تسلیم کیا گیا۔
انہوں نےکہا کہ مقتدر قوتوں اور حکمران جماعت کو کہتا ہوں قوت کے استعمال سے مسائل حل نہیں ہوں گے، بلوچستان کےلیے بامقصد با اختیار مذاکراتی ٹیم تشکیل دی جائے وہی مسائل حل کرسکتی ہے۔
جے یو آئی رہنما نے مزید کہا کہ اس وقت بلوچستان میں تمام اقوام مشکل صورتحال سے گزر رہی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں حکومتی رٹ نہیں ہوتی، عصر کے بعد وہاں پولیس گشت نہیں ہوتا، علی امین گنڈاپور اب توجہ صوبے پر مرکوز کریں۔
عبدالغفور حیدری نے یہ بھی کہا کہ مدارس کے حوالے سے بل دونوں ایوانوں سے منظور کرایا گیا، دیگر مسودوں پر دستخط، مدارس بل کو روک لیا گیا، کیا یہ پارلیمان کی بالادستی ہے؟