• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول اور مریم نے انتخابات سے قبل کشمیر کا دورہ ہی نہیں کیا، فرخ حبیب

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز وہ ہیں جنہوں نے انتخابات سے قبل کشمیر کا دورہ ہی نہیں کیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کشمیر کا مقدمہ جیسے دنیا کے سامنے رکھا اس کی مثال نہیں ملتی۔

وزیرمملکت نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز وہ ہیں جنہوں نے انتخابات سے قبل کشمیر کا دورہ ہی نہیں کیا۔

فرخ حبیب نے مزید کہا کہ کشمیر کے عوام کا ن لیگی حکومت نے کس طرح استحصال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی آپ کے نجی پروگراموں پر آتا اور آپ بھارت جاتے تھے، نواز شریف بھارت جاتے مگر حریت ر ہنماؤں سے ملنے سے انکار کر دیتے ہیں۔ کیونکہ وہ نریندر مودی جی کو ناراض نہیں کرسکتے تھے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا میں کون سا ایسا سزا یافتہ مجرم ہے جسے ٹی وی پر آنے کا موقع ملتا ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی اپیلیں مسترد اور سزائیں بحال ہوچکیں، نواز شریف عدالتی مفرور ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کی طرح آج تک کسی نے عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ نہیں لڑا، آپ گھومنے پھرنے کشمیر پہنچ گئے ہیں، مریم نواز بتائیں کہ انھوں نے کشمیر کے لیے کیا کیا ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام عمران خان کو کشمیر کا سفیر سمجھتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے ہندوتوا سوچ کو بے نقاب کیا۔

انھوں نے کہا کہ کشمیر میں ن لیگ کے پاس انتخابی امیدوار نہیں، گھر جاکر ٹکٹ بانٹ رہے ہیں۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ مریم صفدر اب آزاد کشمیر میں بھی آپ کو شکست نظر آرہی ہے اسی لیے شور شروع کردیا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ مریم کی یہ ہی کارکردگی ہے کہ وہ نواز شریف کی صاحبزادی ہیں، کوئی سیاسی جدوجہد مریم نواز کے حصے میں نہیں آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کو پتہ ہے کہ انہوں نے پی ٹی آئی کی حکومت لانی ہے، گلگت بلتستان میں عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا آج وہاں ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ کشمیر میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی، عمران خان کشمیریوں کی امنگوں پر پورا اتریں گے۔ 

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کی ایک دوسرے کے ساتھ چند دن بھی نہیں بن سکی، دونوں اپنے ابو کی چوری بچانا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جنہوں نے پنجاب، سندھ اور کشمیر میں کرپشن کی ہو وہ کسی الیکشن میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔

تازہ ترین