• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بزدل وزیراعظم کشمیر پر بات نہیں کرسکتا، بلاول بھٹو

بزدل وزیراعظم کشمیر پر بات نہیں کرسکتا، بلاول بھٹو


عباسپور / حویلی ( نمائندگان جنگ / نیوز ایجنسیز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب تک کشمیر کی عوام ہمارے ساتھ کھڑی ہے تب تک کوئی پاکستان پیپلز پارٹی کو ختم نہیں کرسکتا، عمران خان بزدل ہیں جو کشمیر کیلئے بات نہیں کرسکتے، عمران خان پرویز مشرف کے علاوہ مودی کے بھی پولنگ ایجنٹ تھے، دوسرے بھی بلی نہیں شیروں والی سیاست کریں، جیالے جو کہیں گے وہی کروں گا۔ 

آزاد کشمیر کے علاقے حویلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ختم ہونے کا دعویٰ کرنے والوں کا دھیان اس جلسے میں موجود عوام کے سمندر کی جانب دلانا چاہتا ہوں ، پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جو کشمیر کا کبھی سودا نہیں کرسکتی اور مودی کی آنکھوں میں آنکھیں دے کر جواب دے سکتی ہے۔

’شہید بینظیر بھٹو ہر پاکستانی کے لیے ماں کی حیثیت رکھتی تھی مگر اب ہماری بدقسمتی ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم کٹھ پتلی ہیں‘، ’یہ ناجائز وزیر اعظم ہیں ، یہ کشمیر کے لیے بات بھی نہیں کرسکتے، کشمیر پر تاریخی حملہ ہو تو وزیر اعظم کہتےہیں کہ میں کیا کروں‘۔انہوں نے کہا ’اگر ذوالفقار علی بھٹو کو تختے پر نہ لٹکایا جاتا اور کشمیر پر تاریخی حملہ ہوتا تو اقوام متحدہ میں کیا قرارداد دیتے۔

موجودہ وزیر اعظم ہمارے کشمیری بہن بھائیوں کی امیدوں کو پورا نہیں کرسکتے، ہر پاکستانی کا ایک ہی نعرہ ہے کہ کشمیر کا سودا نامنظور‘ ، ’ہم کشمیر کی عوام کے رائے پر چلنے والے ہیں، اگر فیصلہ ہونا ہے تو یہاں کی عوام نے فیصلہ کرنا ہے، ہم کسی کی ڈکٹیشن پر نہیں چلیں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’کشمیر کی عوام حکم کرے کہ کل امن ہو تو ہم امن کروائیں گے، اگر آپ حکم دیں کہ کل جنگ کرو تو ہم سب جنگ کے لیے تیار ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ ’ہم نہ دہلی، نہ اسلام آباد کسی کا حکم نہیں مانتے صرف عوام کا حکم مانتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ جیسے یہ وزیر اعظم پرویز مشرف کا پولنگ ایجنٹ تھا ویسے ہی یہ نریندر مودی کا پولنگ ایجنٹ تھا‘انہوں نے کہا کہ ’ہم نریندر مودی کو دعوت دے کر اپنی شادیوں پر بلانے والا وزیر اعظم بھی نہیں چاہتے، جو کشمیر کی عوام کا دشمن ہے وہ میرا مخالف، میرا دشمن ہے۔

تازہ ترین