اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے تمام غیر ملکیوں کی رجسٹریشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 40 سے 50 ہزار افراد جو گزشتہ 70 سا ل میں پاکستان میں داخل ہوئے، لاپتہ ہو گئے، ان کا کوئی ریکارڈ نہیں، طورخم بارڈر پر 4 سے 5 ہزار پھنسے پاکستانیوں کے لئے سرحد کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے‘ ایلین کارڈپر اکائونٹ ، سم کھولنے اور کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے گی، منشیات کے خلاف اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر کارروائی کی جائے گی، پاکستان میں بڑے پیمانے پر دوسرے ممالک سےمنشیات آ رہی ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعرات کو نیشنل فرانزک سائنس ایجنسی کے دورے کے موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ قوم عمران خان کو آئندہ الیکشن میں بھی ووٹ دے کر کامیاب کرے گی لیکن ہمیں اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانا ہو گی۔ یکم اگست سے چمن بارڈر پر آمد ورفت کے لئے الیکٹرانک نظام کام شروع کر دے گا۔جن افراد کی ویکسی نیشن ہوئی ہے ان کے لئے طورخم کی سرحد کھول رہے ہیں۔