پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور میڈیکل کالج (پی ایم سی) اور پشاور ڈینٹل کالج (پی ڈی سی)پشاور نے پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی)کی جانب سے ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی مجموعی درجہ بندی میں اے گریڈ حاصل کرلیا۔حالیہ ملک گیر درجہ بندی میں پشاور میڈیکل کالج اور پشاور ڈینٹل کالج نے صوبے کے11 نجی میڈیکل اور 6 ڈینٹل کالجوں میں ’اے‘ کیٹگری حاصل کرکے صوبے بھر کے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں اپنی نمایاں برتری برقرار رکھی ہے۔ پاکستان میڈیکل کمیشن کے اعداد وشمار کے مطابق پی ایم سی اور پی ڈی سی کو اے گریڈ ان کالجز کی بہترین تعلیمی اور تحقیقی خدمات اور یہاں دستیاب دیگر اعلیٰ طبی سہولیات کی بنیاد پر دیاگیا ہے۔اس سے قبل پشاورمیڈیکل کالج نے پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے معیار کی درجہ بندی کی روشنی میں خیبرپختونخوا کے سرکاری اور نجی شعبے کے میڈیکل کالجوں میں مشترکہ طور پر دوسری جبکہ نجی شعبے کے تمام میڈیکل کالجوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ پشاور میڈیکل کالج کو پی ایم سی نے سالانہ 150 طلباء وطالبات کے داخلوں کی اجازت دی ہے۔