اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا،دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بات چیت کی، شاہ محمود نے افغان امن عمل کیلئے تعاون بڑھانے پرزور بھی دیا،وزیر خارجہ کاکہناتھاکہ دیرپا امن کا قیام افغان قیادت، علاقائی و عالمی متعلقین کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، پاکستان امریکا کیساتھ دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے، امریکی مالی تعاون سے وسط ایشیا سے براستہ افغانستان پاکستان کیلئے توانائی اور رابطے جوڑنے کے مختلف منصوبہ جات پر بھی بات چیت ہوئی، وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان اور امریکہ کے مابین مربوط اور اعلیٰ سطحی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے دونوں ممالک کے نکتہ نظر میں مماثلت خوش آئند ہے۔