کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے جمعہ کو دار العلوم کراچی میں شیخ الحدیث مفتی تقی عثمانی سے ملاقات کی انکی خیریت دریافت کی اور گزشتہ روز انکے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں سراج الحق جامعہ بنوری ٹاؤن بھی گئے اور مولانا ڈاکٹر عبد الرزاق اسکندر کی وفات پر انکے صاحبزادے مولانا ڈاکٹر سعید اسکندر سے ملاقات کی اور تعزیت کی۔مفتی تقی عثمانی سے ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی حالات، دینی مدارس کے حوالے سے موجودہ حکومت کی حالیہ پالیسیوں، ایف اے ٹی ایف قوانین اور گھریلو تشدد کی روک تھام کے نام پر سینیٹ سے منظور کیا جانے والے متنازع قانون سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر محمد اسحق خان، سیکرٹری کراچی منعم ظفر خان، جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید اور سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔