• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کو ہراساں نہیں کیا، ترجمان FIA

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف شہباز شریف کو ایف آئی اے کی جانب سے ہراساں نہیں کیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے نے جاری کیئے گئے ایک بیان میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کے عدالت میں دیئے گئے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کسی بھی سوال کا سنجیدگی سے جواب نہیں دیتے، ان سے اربوں روپے کی رقم جمع ہونے کے سوال پر جواب ملتا ہے کہ میں نے میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین چلائی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق شہباز شریف سے سوال کیا گیا کہ آپ کے ملازمین نے اربوں روپے آپ کے اور فیملی کے اکاؤنٹس میں جمع کرائے۔

جس پر شہباز شریف کا جواب ملتا ہے کہ میں نے پنجاب کی بہت خدمت کی۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ پوچھا جاتا ہے کہ گاڑیاں اور پراپرٹی کیسے بنائی، جس پر شہباز شریف کا جواب ہوتا ہے بچوں سے پوچھیں۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ بیرونِ ممالک سے آنے اور بھجوائی جانے والی اربوں روپے کی رقم کے بارے میں پوچھنے پر کہتے ہیں کہ میرے وکیل جواب دیں گے۔

ترجمان ایف آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ شہباز شریف اس طرح کے جوابات دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ سوال و جواب ظاہر نہ کیئے جائیں۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ شہباز شریف کو بڑی عزت کے ساتھ ایف آئی اے کے دفتر لایا گیا، دورانِ تفتیش انہیں چائے اور کافی بھی پیش کی گئی، انہیں ہراساں کرنے اور ان سے بدتمیزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، انہوں نے کسی ایک سوال کا درست جواب نہیں دیا۔

تازہ ترین