• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول ایک نہیں 3 بار امریکا جائیں، عمران کا کچھ نہیں بگڑے گا، شیخ رشید

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ افغانستان میں امن کے خواہش مند ہیں،نہ ہم اپنی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال ہونے دیں گے نہ ہم یہ توقع رکھتے ہیں کہ ہمارے خلاف کسی کی سرزمین استعمال ہو ، بلاول ایک نہیں تین بار امریکا جائے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

عمران خان پانچ سال پورے کریں گے، کشمیر کا کیس عمران خان نے اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر میں اٹھایا ہے افغانستان کے لوگ جو فیصلہ کریں گے وہ ہمیں قبول ہو گا، آرمی چیف خود امن کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،آزاد کشمیر میں بھی عمران خان حکومت بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر انتخابی مہم کے سلسلہ میں راولپنڈی میں ٹیپو روڈ پر ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ 

شیخ رشید احمدنے کہا کہ افغانستان کے لوگ جو فیصلہ کریں گے وہ ہمیں قبول ہو گا، آرمی چیف خود امن کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ویکسینیشن والے لوگوں کیلئے طورخم بارڈر کھلا ہے ، انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کوشش کررہی ہے ،وزارت خارجہ کوشش کررہی ہے ،عمران خان خود کوشش کررہے ہیں ،آرمی چیف قمر جاوید باجوہ بھی پوری کوشش کرہے ہیں کہ افغانستان میں امن قائم ہو اور دونوں فریقین ٹیبل پر بیٹھیں ۔

انہوں نے کہاکہ جو لوگ طورخم پر پھنسے ہوئے ہیں ان کے لیے میں خاص طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ کورونا وائرس کی وباکی احتیاط کرتے ہوئے جن لوگوں نے ویکسینیشن کروا نی ہے وہ آ سکتے ہیں ۔

جنھوں نے ویکسینیشن نہیں کروائی ہوئی اور اگر ان کا ٹیسٹ پازیٹو آجاتا ہے تو ان کو قرنطینہ کے لیے بھیجا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت سے اس وقت تک کوئی بات نہیں ہوسکتی جب تک وہ 5اگست کے کالے قانون کو واپس نہیں لیتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ڈیڈ ہارس ہے ،پی ڈی ایم ختم ہوچکی ہے ۔

علاوہ ازیں ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ افغان اپنے ملک کے لئے جو فیصلہ کریں وہ ہمیں قبول ہے،اس وقت افغان طالبان کافی بدل چکے ہیں۔ہم چین پر سمجھوتہ کئے بغیر امریکا سے تعلقات اچھے کرنا چاہتے ہیں،پاکستان کی صورتحال پرانے حالات سے بہتر ہے۔افغان حکومت اور طالبان میں درمیانی راستہ نکلنا افغانستان کے لئے بہتر ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان 15 تاریخ کو ازبکستان روانہ ہورہے ہیں غالب امکان یہ ہے کہ وہاں اشرف غنی اور زلمے بھی موجود ہوں گے ۔ ان کی ملاقات کے بارے میں وزارت خارجہ زیادہ بہتر بتا سکتا ہے۔

تازہ ترین