• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران صاحب! ایٹمی پروگرام سے نواز شریف کا نام کیسے مٹاؤ گے؟ مریم اورنگزیب

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا ہے کہ وہ ایٹمی پروگرام سے نواز شریف کا نام کیسے مٹائیں گے؟

مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران صاحب 3 سال آپ نے میڈیا، سیاسی مخالفین کو جیل میں ڈالنے پر توجہ دی، اگر یہ توجہ نہ ہوتی تو آج نواز شریف کی تختیاں اکھاڑنے کی ضرورت نہ پڑتی۔

اُنہوں نے کہا کہ عمران صاحب کی کل کارکردگی جھوٹ، بدزبانی، بدکلامی، بداخلاقی ہے،  آپ کی کارکردگی نواز اور شہباز شریف کے منصوبوں پر نئی تختیاں لگانا اور پرانی اکھاڑنا ہے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب کی کارکردگی نواز شریف کڈنی اسپتال کا نام بدلنا ہے، سوات میں گردوں کے علاج کا اسپتال سرکاری وسائل سے تعمیر نہیں ہوا تھا، اس اسپتال کی تعمیر نجی عطیات کے ذریعے ہوئی تھی۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ کاروباری، مخیر حضرات، شخصیات، شہریوں اور سرکاری ملازمین نے انفرادی حیثیت میں فنڈز دیے، بدترین سیلاب کے بعد 2010 میں یہ اسپتال تعمیر کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسپتال کی تعمیر میں کوششوں پر نواز شریف کے نام پر اس اسپتال کا نام رکھا گیا لیکن افسوس چھوٹی گھٹیا ذہنیت عوام کی خدمت میں ناکامی پر کم ظرف حرکتیں کرتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ الزامات کا بیانیہ عدالتوں میں تباہ ہوگیا، یہ بے بسی وجہ ہے کہ سیاسی مخالفین کو گالیاں دو، بدزبانی کرو، عمران صاحب کے ’پلے نئیں دھیلہ‘ اس لیے نوازشریف اور شہبازشریف کے نام کی تختیاں بدلو۔

مریم اورنگزیب نے سوال اُٹھایا کہ ملک بھر میں موٹرویز، بجلی، گیس اور ایل این جی منصوبوں سے کیسے تختیاں اتارو گے؟  عمران صاحب سی پیک پر نواز شریف کا لکھا نام کیسے ہٹاؤ گے؟ عوام کیلئے سستی چینی، گیس، لوڈشیڈنگ سے نجات سے نواز شریف کا نام کیسے مٹاؤ گے؟ 

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال کا افتتاح بھی نواز شریف نے کیا تھا، کیا اس کا نام بھی بدلو گے؟ عمران صاحب، کیا شوکت خانم اسپتال گرا کر پھر بناؤ گے؟ 

مریم اورنگزیب نے کہا کہ منصوبوں پر تختیاں اہم نہیں ہوتیں بلکہ خدمت کا جذبہ انسان کے عمل اورنیت میں جھلکتا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے دن رات پاکستان کے عوام کی خدمت کی، 22 کروڑ عوام کے دل میں نواز شریف اور شہباز شریف کی خدمت کی تختیاں لگی ہوئی ہیں۔

تازہ ترین