اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کشمیر آتے وقت نامہ اعمال ساتھ لائیں، آزاد کشمیر کو صوبہ نہیں بننے دینگے،عمران خان ترقیاتی کام کیسے کرتا وہ آٹا، چینی چوری، لوڈشیڈنگ میں مصروف ہے، کشمیر کے لیے دی گئیں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہٹیاں بالا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ کشمیر میرا گھر ہے اس کے خلاف سازش بے نقاب کرنے آئی ہوں ، عمران خان جیسے کشمیر فروش، بزدل انسان جو کشمیر کا مقدمہ ہار کر آیا، اس کا کام توڑنا ہے اور اب وہ کشمیر پر نظر لگا کر بیٹھا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ کشمیر پر نظر لگا کر بیٹھنے والو، ووٹ چوری کی عادت رکھنے والو، کشمیر کے ووٹوں پر اگر تم نے ڈاکا ڈالا تو یاد رکھنا اس دفعہ تمھارا مقابلہ شیر راجا فاروق حیدر کے ساتھ ہے، اگر تم نے کشمیریوں کا ووٹ چوری کرنے کی کوشش کی تو راجا فاروق حیدر تمہیں نہیں چھوڑے گا۔ مریم نواز نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میرے وطن تیری جنت میں آئینگے ایک دن، ستم شعار سے تم کو چھڑائیں گے ایک دن، ان شااللہ نواز شریف کی قیادت میں ایک دن چھڑائیں گے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ اب عمران خان آزاد کشمیر کا رخ کرنے والا ہے، میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کی طرف سے یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ عمران خان جب کشمیر کا رخ کرنا تو اپنا نامہ اعمال بھی لے کر آنا کیونکہ کشمیری تم سے سوال کریں گے کہ بھارت کو 73 سال میں پہلی مرتبہ کشمیر پر شب خون مارنے کی ہمت کیسے ہوئی،امریکا سے واپسی میں تم نے کہا تھا کہ میں ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں تو کشمیر تم سے یہ سوال کریں گے کہ وہ ورلڈ کپ کون سی الماری میں چھپا کر رکھ دیا ہے،ہ کشمیری تم سے سوال کریں گے کہ تم نے جو دو منٹ کی خاموشی اختیار کی تھی وہ کب ٹوٹے گی، کشمیری پوچھیں گے کہ تم نے کشمیر کے حق میں کتنی قرار دادیں منظور کرائیں، تم نے اسلامی سربراہی کانفرنس میں کیا سب کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ بھارت کو قائل کریں کہ وہ اپنے ظالمانہ اقدامات سے پیچھے ہٹیں، کون کون سے دوست ممالک کو اکٹھا کیا۔