سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے شادی کی تقریب میں ڈانس کرنے پر بشریٰ انصاری کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو کھری کھری سنادیں۔
انہوں نے ایک طویل پوسٹ میں بشریٰ انصاری کی حمایت کرتے ہوئے ہیش ٹیگ ’ابھی تو میں جوان ہوں‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔
عتیقہ اوڈھو نے لکھا کہ ’بشریٰ انصاری ہمارے ملک کی ایک لیجنڈ ہیں، انہوں نے ملک کی طویل مدت خدمت کی ہے لہذا ہم کسی کو یہ بتانے والے کوئی نہیں ہوتے کہ اسے کس طرح زندگی بسر کرنی چاہیے۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’وہ مجرم نہیں ہے لہذا ان سے ایسا سلوک کرنا بند کیا جائے جیسے انہوں نے کوئی بڑا جرم کیا ہو۔‘
عتیقہ اوڈھو نے مزید کہا کہ لوگوں کے چہرے پر خوشی لانا ایک خدمت ہے ، جرم نہیں۔
اس سے قبل اداکارہ بشریٰ انصاری نے خود بھی شادی کی تقریب میں اذان سمیع کیساتھ وائرل ڈانس ویڈیو پر تنقید کرنے والوں کو کھری کھری سنائی تھیں۔
بشریٰ انصاری کو بہن سنبل شاہد کے انتقال کے کچھ عرصے بعد ہی ڈانس کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا جس کے بعد ساتھی فنکاروں نے ان کی حمایت میں آواز اٹھائی ہے۔