چناری،لیپہ (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف فوج کے مخالف نہیں، ادارے جلد اُنکے بیانیے پر چلیں گے، عمران بزدل آدمی ہے، میدان میں مقابلہ نہیں کرسکتا، آج بھی نوازشریف کو ہرانے کیلئے الیکشن چوری کر رہا ہے، آٹا ،چینی چور ووٹ کے بجائےمعافی مانگیں، عوام کا جذبہ بتارہا ہے کشمیر میں پھر شیر آرہا ہے،ایک ووٹ چور یہاں پر نظر لگائے بیٹھا ہے ، انتخابات ہائی جیک کرنے کیلئے ریاستی وسائل استعمال کیے جارہے ہیں،فوجیوں میں مجھے اپنا بیٹا نظر آتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چناری اور لیپہ میں جلسوں سے خطاب میںکرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ وادی نیلم میں جگہ جگہ پاک فوج کے جوان نظر آئے، مجھے پاک فوج کی وردی میں کھڑے ہر بچے پر بہت پیار آیا، میں نے انھیں سلام کیا اور انھوں نے بھی مجھے سیلوٹ کیا، یہ اپنے گھروں سے دور پہرے دے رہے ہیں، ہماری حفاظت کر رہے ہیں،فوجی جوانوں کی تنخواہیں جب بھی بڑھیں نواز شریف کے دور میں بڑھیں، عمران خان کے دور میں فوجی جوانوں کی تنخواہیں نہیں بڑھیں، کچھ لوگ ذاتی مفاد کے لیے نواز شریف کے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں لیکن نواز شریف کا دشمن بھی انکی حب الوطنی کی گواہی دیتا ہے، عمران خان نے سلیکٹر کو ملا کر جو بیانیہ کھڑا کیا تھا وہ منہ کے بل گر پڑا ہے، نواز شریف، شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی اور حمزہ شہباز پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، تمہیں تین سال بعد بھی نواز شریف کو ہرانے کیلئے الیکشن چوری کرنا پڑتا ہے۔