• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران سوداگر تو خود انحصاری کی منزل کا حصول ناممکن، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ جب حکمران سوداگر بن جائیں اور ذاتی مفادات پر قومی ترجیحات قربان ہونے لگیں تو ملکی خود انحصاری کی منزل کا حصول ناممکن ہے ۔پی ٹی آئی نے کمزور خارجہ پالیسی سے ملک تنہائی کاشکار ہوا، کشمیر کا سودا ملکی خود مختاری کا سودا ہے، 73 برسوں سے قوم کے ساتھ دھوکہ ہورہاہے ،سیاسی جماعتیں فیملی کلبز اور ون مین شو بن کر رہ گئی ہیں ۔ ہر الیکشن دھاندلی کی نذر ہو جاتا ہے، معیشت اور سیاست کو اسلامی اصولوں کے تابع کرنا ہوگا ۔ جب تک آئی ایم ایف اور غیر ملکی آقاؤں سے نجات حاصل کر کے معیشت کو اسلامی نہیں بنایا جاتا ، ملک قرضوں کے چنگل سے آزادی حاصل نہیں کر سکتا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع مانسہرہ میں جماعت اسلامی کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ پی ٹی آئی نے کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے ملک کوتنہائی کاشکار کیا۔ کشمیر پر پسپائی اختیار کر کے اسے پلیٹ میں رکھ کر بھارت کے حوالے کردیا ۔ حکمرانوں کو ذہن میں رکھناچاہیے کہ کشمیر کا سودا ملکی خود مختاری کا سوداہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسلامیان پاکستان کشمیر ی اور فلسطینی بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ انشاءاللہ ایک روز آزادی کا سورج دونوں سرزمینوں پر طلوع ہوگا ۔ امیر جماعت نے کہاکہ افغانستان سے امریکہ کی پسپائی افغانیوں کے جذبہ ایمانی کی وجہ سے ممکن ہوئی ، ثابت ہوگیا کہ دنیا کی کوئی طاقت مومن کی جرا¿ت ایمانی کا سامنا نہیں کر سکتی ۔اسلامی دنیا کو اپنے وسائل مسلمانوں کی فلاح و بہبود ، ترقی و تعلیم اور غربت کے خاتمے کے لیے صرف کرنے کی ضرورت ہے ۔ سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اسی صورت میں ممکن ہے جب یہاں شفاف الیکشن ہوں اور جمہوریت قرآن و سنت کے تابع ہو۔

تازہ ترین