کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہائی کورٹ کے جج کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے معاملے پر پاکستان بار کونسل کی اپیل پر سندھ بھر کی عدالتوں میں وکلا کی جانب سے ہڑتال کی گئی ، وکلا قیادت نے سندھ ہائی کورٹ بلڈنگ کے دروازے بند کرا دیئے ، سائلین سمیت کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں ، احتساب عدالتوں سمیت دیگر ماتحت عدالتوں میں وکلا ہڑتال کے باعث مقدمات کی سماعتیں ملتوی کردی گئیں ، اہم مقدمات کی سماعت ججز نے اپنے چیمبرز میں کی ، وکلا ہڑتال کے باعث سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، تفصیلات کے مطابق ہائی کورٹ کے جج کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے معاملے پر پاکستان بار کونسل کی جانب سے منگل کو عدالتوں میں ہڑتال کی کال دی گئی تھی جس پر سندھ بار کونسل ، سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ، کراچی بار ایسوسی ایشن سمیت دیگر سندھ بھر کے وکلا کی جانب سے عدالتوں میں ہڑتال کی گئی ، اس دوران سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیدار سمیت وکلا نے عدالتیں بند کرانے کی کوشش کی جس کے دوران وکلا قیادت اور ججز میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں ، احتساب عدالتوں، سٹی کورٹ سمیت دیگر ماتحت عدالتوں میں بھی وکلا کی جانب سے ہڑتال کی گئی ۔