اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےکہا ہے کہ الزام تراشی کسی فریق یا خطے کے میں مفاد میں نہیں‘منفی بیانات سے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو جھٹلایا نہیں جاسکتا۔افغان قیادت غیر ملکی افواج کے انخلا کے تناظر میں باہمی مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کا جلد سیاسی حل نکالے‘پاکستان خطے کی اقتصادی ترقی، امن اور روابط کے فروغ کیلئے پرامن اور مستحکم افغانستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے منگل کو دوشنبے میں ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کیساتھ ملاقات کی۔شاہ محمود قریشی نےکہا کہ افغانستان میں شدت پسندی میں اضافے کا رجحان اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع باعثِ تشویش ہے۔