اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ کشمیری عوام وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر بھر پور اعتماد رکھتی ہے ، آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں تحریک انصاف کی پارٹی ہی حکومت بنائے گی۔اپوزیشن کا کام صرف رونا اور طعنہ زنی کرنا ہے،ان کے ہاتھ صرف احتجاج کرنا ہی رہ گیا ہے، پی ٹی آئی حکومت ملک بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیر داخلہ نے منگل کو راولپنڈی میں کشمیر انتخابات کے سلسلے میں ویلی 4 ایل اے 43 میں تحریک انصاف کے امیدوار کی انتخابی مہم کے لئے میلاد نگر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کشمیری عوام وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر بھر پور اعتماد رکھتی ہے کیونکہ عمران خان نے جس طرح مسئلہ کشمیر کو عالمی پلیٹ فارم پر اٹھایا اس کی پاکستان میں کوئی اور نظیر نہیں ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن کا کام رونا دھونا اور طعنے دینا ہے ، اپوزیشن 25جولائی کے بعد بھی اسی طرح روئے گی جس طرح وہ 2018کے قومی انتخابات میں روتی رہی ہے۔ انہوں کہا کہ راولپنڈی والے بھی پی ٹی آئی کے ہی امیدوار کو کامیاب کرائیں گے، وہ ایک غریب آدمی ہے، رکشہ ڈرائیور ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت ملک بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہی ہے ۔