حویلی کہوٹہ (نمائندہ جنگ،جنگ نیوز) وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پورنے حویلی میں پی ٹی آئی کے انتخابی جلسے سے خطاب میں اخلاقیات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔انہوں نے کہاہے کہ بھٹو غدار،بلاول بلو رانی، نوازشریف ڈاکو، مریم ڈاکونانی ہے،ایک ووٹ کی لیڈ پرایک کروڑکاپیکج، وفاقی وزیرنےجلسے میں اپناوعدہ دہرادیا۔مراد سعید نے کہا حرام کی کمائی پرپلنے والے آزادکشمیرمیں موجود ہیں، انکی نیندیں اڑگئیں، وفاقی وزیرعلی امین گنڈاپور نے کہاکہ 13جولائی تحریک آزادی کشمیر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ علی امین گنڈا پور نے اپنے خطاب کے دوران علاقے میں یونیورسٹی کے قیام ‘ سیاحتی مقامات ‘سڑکوں، پلوں کی تعمیر‘ بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈکرنے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیاجبکہ وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول نودو گیارہ ہوکر امریکا پہنچ گیا‘ آزاد کشمیر کا الیکشن بھی آگیا لیکن نواز شریف واپس نہیں آیا‘یہ سارا ٹبر مفرور ہے، انہوں نے عوام کا پیسہ لوٹا اور آزاد کشمیر آ کر فوٹو شاپ پر بنائی تصاویر شیئر کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی کا غریب سے صرف اتنا تعلق ہے جتنا کلو کا انڈوں سے اور درجن کا آلوئوں سے ہے‘بلاول پاکستان سے نو دوگیارہ ہو کر امریکا پہنچ گیاکہ میں آپ کی خدمت میں حاضر ہوں‘میں اپنے ابو آصف علی زرداری کی طرح آپ کی خدمت کروں گا۔ علی امین گنڈاپورکا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے کرپشن کے ریکارڈ توڑے،علی امین نے ایک بار پھر ووٹ ملنے پر بڑے ترقیاتی پیکج دینے کا اعلان کیا اور گلگت بلتستان میں ایک ووٹ کی لیڈ پر ایک کروڑ کا پیکج دینےکا اپنا ہی وعدہ یاد دلایا۔