• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر انتخابی مہم: بلاول کی تنقید، ن لیگ کا جواب گریز رویہ

اسلام آباد (طارق بٹ) آزاد کشمیر میں انتخابی ماحول کے گرم ہونے کے ساتھ ہی مسلم لیگ (ن) نے پیپلزپارٹی کی تنقید سے گریز کا محتاط فیصلہ کیا ہے۔ آزاد کشمیر دستورساز اسمبلی کے لئے عام انتخابات کے لئے مہم کے دوران پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ن لیگ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، تاہم ن لیگ کی جانب سے اس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ ان کی جماعت کی طرف سے پیپلزپارٹی کوکوئی جواب نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ مسلم لیگ (ن) کا اصل ہدف وزیراعظم عمران خان اور ان کو جنم دینے والا نظام ہے۔ اپنی انتخابی مہم میں ن لیگ نے بلاول کو نظرانداز کئے رکھا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ان کی جماعت بیک وقت دو محاذوں پر لڑنا اور توانائیاں ضائع کرنا نہیں چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو ہدف تنقید بنا کر پیپلزپارٹی تحریک انصاف کو تقویت پہنچانا چاہتی ہے۔ دریں اثناء آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کو مریم نواز نے اپنے ہاتھوں میں لے لیا ہے۔ وہ روزانہ ہی انتخابی جلسوں سے خطاب کر رہی ہیں اور ہ صرف عمران خان اور تحریک انصاف کو نشانہ بنانے پر یکسو ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے وفاقی وزراء علی امین گنڈاپور اور مراد سعید انتخابی مہم میں مریم اور بلاول دونوں ہی کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔ گنڈاپور انتخابی ریلیوں میں کھلے عام ووٹرز میں رقوم تقسیم کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان بھی میرپور اور مظفر آباد سمیت کشمیر کے بڑے شہروں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم ن لیگ اور تحریک انصاف سے بہت پہلے شروع کر دی تھی لیکن اپنی امریکا روانگی کی وجہ سے چیئرمین پیپلزپارٹی کو دس روز کا وقفہ لینا پڑا ہے۔ پیپلزپارٹی کا کوئی اور نمایاں رہنما انتخابی مہم کو آگے بڑھانے کے لئے موجود نہیں ہے۔ آزاد کشمیر میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے۔

تازہ ترین