• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کا کرزئی سے رابطہ، پاکستان افغانستان پر امن کانفرنس کی میزبانی کریگا

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان افغان امن عمل کے سلسلے میں امن کانفرنس کی میزبانی کرے گا ، اس امن کانفرنس میں اہم سیاسی رہنمائوں کو شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے مطابق افغانستان کے استحکام اور سلامتی کیلئے پاکستان کی کوششیں جاری ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی سے فون پر گفتگو کی اور امن کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے، اسلام آباد میں موجود اہم سرکاری ذرائع نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ مجوزہ کانفرنس 17سے 19جولائی کے درمیان ہوگی، کئی اہم افغان رہنمائوں نے شرکت کی یقین دہانی کروادی ہے ، افغان صدر کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان محمد عمر دادوزئی اور سابق وزیرخزانہ عمر زخیلوال نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے امن کانفرنس میں شرکت کی تصدیق کردی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ کانفرنس کی حتمی تاریخ پر بات چیت جاری ہے ، سابق صدر حامد کرزئی ، سابق وزیرخارجہ صلاح الدین ربانی ، سابق وزیرخزانہ عمر زخیلوال ، ہزارہ برادری کے سینئر رہنما حاجی محمد محقق ، سابق وزیراعظم گلبدین حکمت یار اور احمد ولی مسعود سمیت کئی رہنمائوں کو دعوت دی جاچکی ہے ۔

تازہ ترین