• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے صوبے کا معاملہ دفن، دہشتگردی بڑا مسئلہ ہے، وزیراعلیٰ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اختلافات حل کرنے کے لئے سیاسی مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی اور استحکام کے لئے دہشت گردی کے خلاف تعاون ناگزیر ہے،سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی ہے، نئے صوبے کا معاملہ اب دفن ہوجانا چاہئے، صوبے بنانے کیلئے آئینی طریقہ ہے کسی کے بولنے سے کچھ نہیں ہوگا، سندھ میں صوبے بنانے کے لئے کوئی اکثریت نہیں، نئےصوبے کا معاملہ اب دفن ہوجانا چاہئے۔ صوبے بنانے کیلئے آئینی طریقہ ہے کسی کے بولنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ خیبرپختونخوا سے جلد گورنرراج اور ایمرجنسی ختم کرنے کا طریقہ مذاکرات ہے، اگرکوئی صوبہ تعاون کرنے سے انکار کردے تو کیا راستہ بچتاہے؟ چاروں صوبوں کو دہشتگردی کیخلاف متحد ہونا چاہئے، گورنرراج آئین کے مطابق ہے۔وہ کراچی کے جام چاکرو میں سندھ کے پہلے سینیٹری انجینئرڈ لینڈ فل منصوبے کے پہلے مرحلے کی افتتاحی تقریب کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے فیتہ کاٹ کر منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا اور مقام پر کچرا ٹھکانے لگانے کا عمل شروع کرایا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، وزیر محنت سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد کچرا جمع کرنے، اس کی نقل و حمل اور سائنسی طریقے سے تلفی کے لئے ایک جدید اور مربوط نظام قائم کرنا ہے، تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور روایتی طریقوں سے کچرا پھینکنے کے باعث صحت کو لاحق خطرات کم کئے جاسکیں۔ منصوبے کا آغاز کراچی میں کچرے کے انتظامی نظام کو تبدیل کرنے کے ایک اہم مرحلے کی ابتدا ہے۔

اہم خبریں سے مزید