• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت سے کہا ہے 50 کروڑ سے کم کرپشن کے کیسز کیلئے اختیار دیا جائے، چیئرمین نیب

اسلام آباد ( طاہر خلیل ) چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد نے کہا ہے کہ نیب نے9 ماہ میں14 کھرب مالیت کی زمینیں واگزار کرائیں ، ادارہ جاتی کرپشن کا خاتمہ نیب کا سب سے اہم ٹاسک ہے، ماضی کے مقابلے میں ہماری ترجیحات بدل گئی ہیں ، نیب ادارہ جاتی کرپشن کے خاتمے اور ملک میں بہتر طرز حکمرانی کیلئے سرکاری اثاثوں اور زمینوں کا قبضہ مافیا سے واگزاری پر توجہ دے رہا ہے، چیئرمین نیب نے کہا کہ 50کروڑ روپے کم کرپشن کا کوئی کیس نہیں ، ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں ،ہم نے حکومت سے کہا ہے کہ 50 کروڑ سے کم کرپشن کے کیسز کیلئے نیب کو اختیار دیا جائے، جمہوریت اور انسانی حقوق کے دعویدار بعض ممالک کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے ہمارے ساتھ تعاون نہیں کررہے ،، انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ پرائیوٹ بزنس مین کرپشن کیسز میں ملوث ہیں ان کی تعداد 60فیصد سے زیادہ ہے ۔ 18فیصد بیور و کریٹس ، 8فیصد بنک ڈیفالٹرز اور ساڑھے چار فیصد سیاستدان ملوث ہیں، چاروں صوبوں میں سرکاری اداروں خاص طور پر ریلوے ،فاریسٹ اور دیگر اداروں کی قبضہ کی گئی اربوں روپے مالیت کی قیمتی اراضی واگزار کرا لی گئی ہے ، نیب کی مستقبل کی ترجیحات میں متروکہ وقف املاک ،محکمہ اوقاف اور دیگر اداروں کی سرکاری اراضی پر قبضے ختم کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ نیب کی کوششوں سے ہم ایک بہتر پاکستان کا مستقبل یقینی بنائیں گے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ میرا نظریہ ہے کہ چیلنجز زیادہ ہیں اور بڑھ گئے ہیں ،لیکن سسٹم کمزور نہیں ، ہر آنے والا دن بہتری کی طرف جار ہا ہے ،چیئرمین نیب نے نئی ترجیحات کا اعلان کیا اور کہا کہ ادارہ جاتی کرپشن اور سرکاری اثاثوں ،اراضی پر ناجائز قبضے ختم کرانے کیلئے اب ہم اپنی توجہ متروکہ وقف املاک اوقاف کی زمینوں پر دیں گے ، ناجائز قبضے ختم کر ا کر سرکاری زمینیں حکومت کو واپس کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پاور سیکٹر میں کرپشن ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ Captiveکیپٹو پاور پلانٹس کے 2 کیسز پر پہلے ہی کام ہو رہا ہے ۔ خیبر پختونخواہ ،اسلام آباد ، راولپنڈی ،گوجرانوالہ میں ریلوے اور سرکاری اراضی ،پر قبضوں کی تحقیقات اور ان کی حکومت کو واگزار ی ہماری اولین ترجیحات کا حصہ ہے ۔

اہم خبریں سے مزید