اسلام آباد (پی پی آئی،نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگر اللّٰہ کو منظور ہوا تو اگلی حکومت بھی عمران خان کی ہوگی۔عمران خان کی صلاحیت دیوار کے پیچھے دیکھنے کی ہے وہ دیوار پر لکھا نہیں پڑھتے۔انہوں نے چینی سفیر سے ملاقات میں بس حادثے میں اموات پر تعزیت کا اظہار کیا، اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کیا اور کہا کہ آپ مقدر کے سکندر ہیں۔ آپ کشمیر میں بھی حکومت بنانے جا رہے ہیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ملکی مسائل کا ادراک ہے، آزاد کشمیر میں تحریک انصاف حکومت بنائے گی۔ وزیراعظم نے ملک لوٹنے والے سیاستدانوں کو جیل میں ڈالا، انہیں لوگوں کی وجہ سے ملک آج مشکل حالات میں ہے، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اس ملک کو نوچا ،مہنگائی کی دلدل میں پھینکا۔انہی چوروں اور لٹیروں کی وجہ سے یہ ملک آج اس مہنگائی کے دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔اسلام آباد میں کوئی پولیس ناکہ نہیں، اسے ایک مثالی شہر بنائیں گے، اسلام آباد میں خواتین بازار کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کو پتہ ہے کہ عمران خان کی صلاحیت کیا ہے۔ پتہ نہیں میں اْس وقت زندہ ہوں یا نہ ہوں، لیکن میری دعا ہے کہ اگلی حکومت بھی آپ کی ہو۔ وزیراعظم صاحب یہ ملک آپ کا مشکور ہے، انشاء اللّٰہ نبی کے صدقے میں، آپ اس ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔ آپ کو بھی ماں کی دعا ہے اور مجھے بھی ماں کی دعا ہے۔