• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کشمیر کے پہاڑ بھی گروی رکھ دیں گے، مریم نواز

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ووٹ چوری کرکے آزادکشمیر میں حکومت بنالی توعمران خان کشمیر کی پہاڑیاں بھی آئی ایم ایف میں گروی رکھ دیں گے، مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ ہارنے کے بعد اب آزاد کشمیر پر نظریں ہیں۔ 

مریم نواز نے آزاد کشمیر الیکشن مہم کے دوران پلندری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استقبال کرنے پر آپ کی تہہ دل سے شکر گزار ہوں، جہاں دیکھتی ہوں ہر جگہ عوام کا جم غفیر نظر آرہا ہے، میری رگوں میں کشمیری خون ہے، مسلم لیگ یوتھ کے جوانوں آپ کےجذبے کی قدر کرتی ہوں، سلام کرتی ہوں۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف کا نام سنتے ہی مخالفین پر کپکپی طاری ہوجاتی ہے، نواز شریف کو اقامے پر نکال دیا، وزارت عظمیٰ چھین لی، نواز شریف کو جیل میں قتل کرنے کی سازش کی گئی۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان نواز شریف کے منصوبے گروی رکھنے کی سازش کر رہا ہے، نواز شریف کی بنائی ہوئی سڑکیں عمران خان گروی رکھ رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں عوامی بھلائی کے بجائے نوازشریف کو روکنے کی پلاننگ ہوتی ہے، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر ہر الیکشن میں انہیں ان کے گھر میں گھس کر مارتا ہے، آج طول و عرض پر نواز شریف موجود ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ آج نواز شریف اکیلا نہیں اس کی بیٹی سپاہی بن کر کھڑی ہے، نوازشریف ہماری آن بھی ہے اورشان بھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے کشمیر کومودی کی جھولی میں پھینک کرآگیا، مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ ہارنے کے بعد اب نظریں آزاد کشمیر پر ہیں، کشمیر کوبھارت کی جھولی میں پھینک آتاہے اورکہتا ہے 2 منٹ کی خاموشی اختیار کریں۔

مریم نواز نے کہا کہ کشمیر کوبیچنے کی سازش امریکا میں بیٹھ کر رچائی گئی، عمران خان نواز شریف کے منصوبے گروی رکھنے کی سازش کررہا ہے، نواز شریف کی بنائی ہوئی سڑکیں عمران خان گروی رکھ رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پہلے نعرہ تھا کہ جب آئے گا عمران تو بدلےگا پاکستان کا، اب نعرہ ہونا چاہیےجب آیا ہے عمران تو بکے گا سارا پاکستان، عمران نے ووٹ چوری کرکے اگر کشمیر میں حکومت بنائی تو کشمیر کے پہاڑ بھی گروی رکھ دے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ انہیں اگلا الیکشن ہارتا نظر آگیا تو آج الیکشن ریفارم یاد آگیا ہے، سن لو ! نواز شریف اور عوام کے درمیان سے ہٹ جاؤ، تمہارا یوم حساب قریب ہے، پاکستان اور آزاد کشمیر کی عوام حساب لے گی، نواز شریف اپنا نقصان کرلیتا ہے لیکن عوام کا سر جھکنے نہیں دیتا۔

تازہ ترین